تحریک انصاف سندھ کوسینیٹ الیکشن سے قبل ایک اوردھچکا

181

کراچی(اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف سندھ کوسینیٹ الیکشن سے قبل ایک اوردھچکا،ناراض گروپ کے بعد پارٹی کے ایک ناراض رکن سندھ اسمبلی نے مبینہ طورپرخفیہ رابطوں کے بعد سندھ سے سینیٹ کی نشستوں پرپارٹی امیدواروں کوووٹ نہ دینے کا اعلان کردیاہے، تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ وہ پیسوں سے ٹکٹ خریدنے والوں کو ووٹ نہیں دیں گے۔ پی ٹی آئی رکن اسمبلی کریم بخش گبول نے اپنے وڈیو بیان میں کہاہے کہ میں پی ٹی آئی کا ہوں اور ہمیشہ رہوں گا،سینیٹ انتخابات میں ووٹ اپنی مرضی سے دوں گا۔ ان کا کہنا ہے کہ سندھ میں ناانصافیاں ہوئی ہیں، اس کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا ہے،ہماری حکومت سندھ میں کارکردگی نہیں دکھا سکی ہے۔ سندھ میں سینیٹ انتخابات میں ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیا گیا ہے جن سے متعلق یہ سننے میں آرہا ہے کہ انہوں نے پیسے دے کر ٹکٹ خریدا ہے،میں ایسے لوگوں کو کبھی ووٹ نہیں دوں گا،میں ایسے لوگوں کو ووٹ نہیں دے سکتا ،میں جن امیدواروں سے مطمئن ہوں گا انہیں ووٹ دوں گا۔