بیلٹ پیپرز کی شناخت سے ہارس ٹریڈنگ ختم ہوگی، وزیراعظم عمران خان

261
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے گورنر ،وزیر اعلیٰ پنجاب و دیگر حکومتی ارکان ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہبیلٹ پیپرز کی شناخت سے ہارس ٹریڈنگ ختم ہوگی، سینیٹ الیکشن میں کامیابی حاصل کریںگے،عوام کی فلاح و بہبود ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزپارلیمنٹ ہائوس میں پارٹی ارکان سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیراعظم سے وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر حکومتی شخصیات نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نور الحق قادری اور عامر ڈوگر سے ملاقات کے دوران سینیٹ الیکشن اور حلقے کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔وزیراعظم نے عامر ڈوگر کو ہدایت کی کہ حکومت اور تمام اتحادی ارکان قومی اسمبلی کی ایوان میں حاضری یقینی بنائیں۔ وزیراعظم سے وزیر دفاع پرویز خٹک ،رکن قومی اسمبلی نور عالم خان ، پی ٹی آئی کی خاتون ارکان نفیسہ خٹک، شندانہ گلزار، ظل ہما اور عظمیٰ ریاض جدون نے بھی ملاقات کی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سینیٹ انتخابات پر بات ہوئی، خواتین اراکین نے اپنے حلقوں کے مسائل سے وزیراعظم کو آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم عمران خان سے جنوبی پنجاب سے رکن قومی اسمبلی رانا قاسم نون نے بھی ملاقات کی ۔رانا قاسم نون نے حلقہ کے مسائل سے متعلق وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم سے وہاڑی سے رکن قومی اسمبلی طاہر اقبال اور بلوچستان سے آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے بھی ملاقات کی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اسلم بھوتانی سے پی ٹی آئی سینیٹ امیدواروں کے لیے ووٹ مانگ لیا جبکہ اسلم بھوتانی نے اپنے حلقے کے مسائل اور مطالبات وزیراعظم کے سامنے رکھ دیے۔گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو گورنر اور وزیراعلیٰ نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے رابطوں سے آگاہ کیا۔اسلام آباد سے سینیٹ کی امیدوار فوزیہ ارشد نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔ملاقات میں سینیٹ انتخابات کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ حکومتی اتحادی جی ڈی اے کی رکن سائرہ بانو نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی اور اپنے حلقے سے متعلق ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بات چیت کی ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مجھے پتا ہے اپوزیشن آپ سے رابطے کررہی ہے، ضمیر بھی کوئی چیز ہوتی ہے اس کی سنیں، اگر چوروں لٹیروں کو ہی ووٹ دینا ہے تو پھر آپ اور ان میں کیا فرق ہوگا ۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ خوش آئند ہے ، بیلٹ پیپر کی شناخت سے ہارس ٹریڈنگ ختم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جانتا ہوں مہنگائی ہے ،مسائل ہیں مگر ان چیلنجر پر قابو پائیں گے۔عامر ڈوگر نے استفسار کیا کہ یوسف رضا گیلانی نے تو ہم سمیت آپ سے بھی ووٹ مانگا ہے ،اس پر عمران خان کا جواب میں کہناتھا کہ اب یہ ووٹ کی صورت میں مجھ سے این آر او لینا چاہتے ہیں، جو مرضی کرلیں ان کے سامنے نہیں جھکوں گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کی زیر تکمیل ترقیاتی اسکیموں کو ترجیح بنیادوں پر مکمل کریںگے۔