مہنگائی بلند ترین سطح پر آگئی، ایل پی جی بھی مزید مہنگی

259

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی 4 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق فروری میں مہنگائی بڑھ کر 8.70 فیصد ہوگئی ہے اور جنوری کی نسبت فروری میں مہنگائی میں 1.80 فیصد اضافہ ہوا ہے، جنوری 2021 میں مہنگائی کی شرح 5.7 فیصد تھی جب کہ فروری 2020 میں مہنگائی کی شرح 12.4 فیصد تھی۔ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ جولائی تا فروری مہنگائی کی اوسط شرح 8.25 فیصد رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق فروری میں سالانہ بنیادوں پرشہری علاقوں میں انڈے 48.10 فیصد مہنگے ہوئے، بجلی چارجز میں 43.6 اور مرغی کا گوشت 36.33 فیصد مہنگا ہوا، مصالحہ جات 31.13، گندم 23.79 فیصد اور آٹا 13.51 فیصدمہنگا ہوا، گھی 17.27 فیصد، چینی17.16 اورکوکنگ آئل 15.39 فیصد مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق دال مسور کی قیمت میں 3.28 فیصد اضافہ ہوا،جولائی تا فروری آلو 45.68 فیصد مہنگے ہوئے، ادرک 51.69 فیصد اور انڈے42.9 فیصد مہنگے ہوئے،گندم 32.7، آٹا 14.91 اورسونا 31.64 فیصد مہنگا ہوا۔چاندی 27.72 اور دالیں 26.62 فیصد مہنگی ہوئیں، گھی 19.26،چینی 24.43 اور گڑ 13.94 فیصد مہنگا ہوا۔سالانہ بنیادوں پر فروری میں پیاز 29.72 فیصد سستے ہوئے اور ٹماٹر 29.49 فیصد اور تازہ سبزیاں 22.58 فیصد سستی ہوئیں۔علاوہ ازیں ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد اب مائع گیس کی قیمت 160 روپے فی کلو تک ہوگئی ہے۔اوگرا نے مارچ کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو گرام قیمت 2 روپے کے اضافے سے 160 روپے ہوگئی جب کہ گھریلو سلنڈر کی قیمت 22 روپے بڑھ کر 1885 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 84روپے بڑھ کر 7252روپے ہوگئی۔ ایل پی جی کی پیداواری قیمت 1577 روپے کے اضافے سے96860 روپے فی ٹن ہوگئی ہے۔خیال رہے سال 2020 کے دوران ملک میں 7 لاکھ 35 ہزار 460 میٹرک ٹن ایل پی جی پیداوار ہوئی تھی جب کہ 4 لاکھ 73 ہزار900 ٹن ایل پی جی سمندری راستے اور 6 لاکھ 60 ہزار ٹن زمینی راستے سے ایل پی جی درآمد کی گئی تھی۔ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ایل پی جی کی قیمت کو عوام کی دسترس میں لانے کے لیے لیوی سمیت دیگر تمام ٹیکسوں کا خاتمہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں غیر معیاری سلنڈر پھٹنے سے یومیہ 2 سے 3 معصوم جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔