انتخابی مہم ختم، سندھ اسمبلی کا کنٹرول الیکشن کمیشن نے سنبھال لیا

204

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینیٹ الیکشن کے لیے انتخابی مہم کی مدت ختم ہوگئی ہے، الیکشن کمشنر سندھ نے سینیٹ کے تمام اْمیدواروں کوالیکشن ایکٹ 2017کی دفعہ 182کے تحت اپنی سرگرمیاں ترک کرنے کی ہدایت کی ہے، سندھ اسمبلی کو سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ اسٹیشن ڈکلیئر کر دیا گیا ہے، سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ کل بدھ 3 مارچ کوصبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک سندھ اسمبلی کے ہال میں ہوگی،الیکشن کمیشن سندھ نے انتظامات کوحتمی شکل دے دی ہے۔ سندھ میں سینیٹ کی 11 نشستوں پرانتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے پولنگ کے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں اورسندھ اسمبلی کوسینیٹ الیکشن کے لئے پولنگ اسٹیشن ڈکلیئر کردیا گیا ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے پیرکے روز سندھ اسمبلی میں ان ارکان کو جو پہلی بار ووٹ کاسٹ کریں گے تربیتی ورکشاپ میں ووٹ کاسٹ کرنے کے طریقہ کار سے متعلق آگاہ کیا۔ الیکشن انتظامات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنرکا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے لیے سندھ اسمبلی میں غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں ،آج 2 مارچ سے سندھ اسمبلی کا انتظامی کنٹرول الیکشن کمیشن کے پاس ہوگا،3 مارچ کو پولنگ کے موقع پرسندھ اسمبلی کے سی سی ٹی وی کیمروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن سندھ نے سینیٹ کے تمام اْمیدواروںکو متنبہ کیا ہے کہ تمام سیاسی سرگرمیاں پولنگ سے 48گھنٹے قبل ختم ہوچکی ہیں،سینیٹ اْمیدوارکی جانب سے کوئی بھی سیاسی سرگرمی غیر قانونی تصور کی جائے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب اْمیدواران کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔