سگ گزیدگی۔ عدالتی حکم پر عمل کیوں نہیں

163

جماعت اسلامی سندھ نے مطالبہ کیا ہے کہ سگ گزیدگی کے واقعات پرکنٹرول کیا جائے۔ جماعت نے سندھ یونیورسٹی جامشورو کالونی میں یونیورسٹی ملازمہ کی دو سالہ پوتی اور گمبٹ میں ایک شخص کی ہلاکت کا مسئلہ اٹھایا ہے، انہیں آوارہ کتوں نے کاٹ کھایا اور وہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ یہ مسئلہ محض دو افراد کا نہیں ہے۔ یہ کتے انسانی حقوق کے جعلی ٹھیکیداروں کے شور مچانے کی وجہ سے انسانوںکو کاٹنے کے لیے کھلے چھوڑ دیے گئے ہیں۔ سندھ ہائی کورٹ کتوں کو ختم کرنے کا حکم دے چکی لیکن حکومت کچھ نہیں کر رہی۔ حال ہی میں عدالت نے حکم دیا تھا کہ جس علاقے میں کتا شہریوں کو کاٹے گا وہاں کا ایم پی اے معطل کیا جائے گا۔ عدالت بتائے کتنے ایم پی اے معطل کیے۔ عدالتی حکم پر حکومت اس لیے عمل نہیں کرتی کہ اسے غیر ملکی این جی اوز سے خوف ہے، اسے انسانوں کی فکر نہیں ہے۔ یہ کیسے حکمران ہیں کہ نہ کتوں کو ختم کر رہے ہیں، نہ دوائیں لا رہے ہیں، نہ علاج دے رہے ہیں۔ صرف دعوے کرتے ہیں۔