بی او جی نے 6کرکٹ ایسوسی ایشنز کیلیے فرسٹ بورڈز کی منظوری دیدی

271

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کا 61واں اجلاس گزشتہ روز کراچی میں منعقد ہوا۔ پی سی بی سے اتوار کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس نے پی سی بی کے آئین 2019 کی شق 16 کے تحت بی او جی نے چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے لیے فرسٹ بورڈز کی منظوری دے دی ہے۔فرسٹ بورڈز کی منظوری ایک سالہ مدت کے لیے دی گئی ہے۔اس مدت کے دوران، یہ فرسٹ بورڈز ماڈل آئین برائے سٹی کرکٹ اور کرکٹ ایسوسی ایشنز میں منیجمنٹ کمیٹیز کو سونپی جانی والی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ اس میں روز مرہ کے معاملات چلانے اور کرکٹ کلبز کی رجسٹریشن کے ابتدائی عمل کی نگرانی کرنا بھی شامل ہے، ان ذمہ داریوں میں کرکٹ ایونٹس کا انعقاد بھی شامل ہے۔ہر فرسٹ بورڈ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ان اعلی پائے کے افراد کو شامل کیا گیا ہے کہ جن سے پی سی بی کو یقین ہے کہ وہ منتخب شدہ کرکٹ ایسوسی ایشنز کو بروقت اور بآسانی اختیارات منتقل کردیں گے۔بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن میں قاسم خان جمالی (چیئرمین)، عرفان احمد اعوان، منور خان ترین، مراد اسماعیل، نرگس حمید اللہ، شاہ دوست، سید فرید الدین اور ظفر اللہ جدگال کو شامل کیا گیا ہے ۔کلب رجسٹریشنز اور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایونٹس کے حوالے سے بی او جی کو بتایا گیا کہ پاکستان بھر میں کلبز کی رجسٹریشن آئندہ ماہ کے آغاز سے شروع ہوجائے گی، جس کی تمام تر تفصیلات مناسب وقت پر جاری کردی جائیں گی تاہم رجسٹریشن کے اس عمل میں صرف کلبز کے صدور کو ہی رجسٹریشن کرانے کی اجازت ہوگی، اس حوالے سے تمام تر معلومات کی تصدیق اور جانچ پڑتال کے لیے تمام متعلقہ ڈیٹا فرسٹ بورڈز کو منتقل کیا جائے گا۔جو کلب سال 2017-18 اور 2018-19 میں فضل محمود کلب ٹورنامنٹس میں شرکت کرچکا ہوگا، اسے ووٹنگ کا حق دیا جائے گا۔ ایسے کلب جنہوں نے ان مندرجہ بالا ایونٹ میں شرکت نہیں کی اور وہ اہلیت کے مقررہ معیار پر پورا نہیں اترتے انہیں ووٹنگ رائٹس دوسری اسکروٹنی کے بعد ملیں گے تاہم پلیئنگ رائٹس تمام کلبز کے پاس ہوں گے۔بی او جی نے الیکشن کے ضابطے اور ڈومیسٹک کرکٹ کے بائی لاز میں مجوزہ تبدیلیوں کی منظوری دے دی۔ بی او جی کو بتایا گیا کہ مئی کے آخر سے شروع ہونے والے سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ٹورنامنٹس کے انعقاد میں پی سی بی تمام متعلقہ فرسٹ بورڈز کی معاونت کرے گا۔ یہ ٹورنامنٹس ڈومیسٹک سیزن 2021-22 کے لیے ٹیموں کی تیاری میں مدددیں گے۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔اجلاس میںچیئرمین نے بی او جی کو انٹرنیشنل معاملات، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل میڈیا رائٹس پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے بی او جی کو کرکٹ سے متعلق معاملات بشمول قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ، ہائی پرفار منس کے ایونٹس اور ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ 2021 پر بریفنگ دی۔