پی ایس ایل 6 میں شریک ٹیموں نے پلے آف میچز کیلیے کمر کس لی

213
پی ایس ایل : کراچی کنگز کا بلے باز کلین بولڈہوتے ہوئے (فوٹو: ناصرعبداللہ کشمیری)۔

کراچی (سید وزیر علی قادری)پاکستان سپر لیگ 6میں 10میچز کے نتائج کے مطابق پشاور زلمی 6پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئی ہے۔ دیگر ٹیموں نے بھی پلے آف میچز کے لیے کمر کس لی ہے اور جوں جوں پی ایس ایل آگے بڑھتا جارہا ہے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ شائقین کے جوش میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ اپنی ٹیم کے مداح کی حیثیت سے وہ چاہتے ہیں کہ جو کھلاڑی ان کی پسندیدہ ٹیم میں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں وہ فوری طور پر ردھم میں واپس آجائیں اور انہیں جیت کی نوید سنائیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے کم اسکورننگ میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو6 وکٹوں سے شکست دی۔ فاتح ٹیم نے 119 رنز کا ہدف17 گیندیں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ایونٹ میں تیسری فتح کے بعد پشاور زلمی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر پہنچ گئی۔ اسی طرح 4پوائنٹس کے ساتھ کراچی کنگز دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔ایونٹ کے 10ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے پر مین آف دی میچ قرار پائے۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے ٹام کوہلر کیڈمور نے تجربہ کار بیٹسمین شعیب ملک کے ہمراہ 63 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔کیڈمور 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔جس کے بعدمیچ کو جلد ختم کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترنے والینوجوان بیٹسمین حیدر علی نے کریز سنبھالتے ہی ابتدائی 2 گیندوں پر2 باؤنڈریز لگا کر زلمی کو فتح کے مزید قریب پہنچادیا۔انہوں نے 18 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی بدولت برق رفتار 36 رنز بنائے۔ انہیں حسن علی نے آؤٹ کیا۔شعیب ملک 29 اور ردر فورڈ 6رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی نے 119 رنز کا ہدف 17.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی نے 2 جبکہ محمد وسیم اور فواد احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن اپ پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور فاسٹ بولر ثاقب محمود کی عمدہ بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 17.1 اوورز میں 118 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔3 بلے بازوں کے علاوہ ان کا کوئی بھی بلے بازڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا۔ڈبل فگرزمیں داخل ہونے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے3 بلے بازوں میں ایلکس ہیلزنے 41،حسین طلعت نے 22 اورآصف علی نے 19 رنز بنائے۔وہاب ریاض نے 17 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔یہ ان کا پی ایس ایل میں اپنا بہترین بولنگ اسپیل تھا۔ثاقب محمود نے 12 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔مجیب الرحمٰن اور عمید آصف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ پہلا مرحلہ 7مارچ کو ختم ہوجائے گا اور دوسرے مرحلہ کا پہلا میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 10مارچ کو کھیلا جائے گا۔ فائنل 22مارچ کو اسی مقام پر شیڈول ہے۔