ماضی میں احتساب سے مبرالوگوں سے تفتیش ہورہی ہے ، چیئرمین نیب

178

اسلام آباد (آن لائن )قومی احتساب بیورو  (نیب) کے چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جو ملکی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ نیب نے سیلز ٹیکس ، انکم ٹیکس اور انڈر انوائسز سے متعلق بزنس کمیونٹی کے معاملات قانون کے مطابق ایف بی آر کو بھیجے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب زیرو کرپشن سو فیصد ترقی پر یقین رکھتا ہے، نیب بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے پرعزم ہے۔ جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک پر اربوں ڈالر کا قرضہ ہے اور کوئی پتا نہیں کہ یہ رقم کہاں خرچ کی گئی، نیب ان لوگوں کے مقدمات کی پیروی کر رہا ہے جن کے پاس 1980 میں کچھ نہیں تھا تاہم اب وہ بڑی بڑی عمارتوں کے مالک بن چکے ہیں، انہوں نے یہ رقم کہاں سے حاصل کی جن کو ماضی میں کوئی ہاتھ نہیں لگا سکتا تھا، اب ان کے غیر قانونی اقدامات، اختیارات کے ناجائز استعمال، آمدن سے زائد اثاثہ جات، منی لانڈرنگ اور قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے کے بارے میں ان سے پوچھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمہ کےلیے بڑی مچھلیوں اور طاقتور کو دیکھے بغیر کارروائی کر رہا ہے۔