الخدمت دکھی انسانیت کی خدمت کیلیے سرگرم ہے‘ عبدالشکور

215

راولپنڈی (نمائندہ جسارت) الخدمت فائونڈیشن کی جنرل کونسل کا 2 روزہ ششماہی اجلاس الخدمت کمپلیکس میں منعقد ہوا۔جس کی صدارت الخدمت فائونڈیشن کے مرکزی صدر محمد عبد الشکورنے کی جبکہ سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، نائب صدر ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ، سیکرٹری جنرل شاہد اقبال، چیئرمین الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن، چیئرمین الخدمت نگران کمیٹی میاں محمد اسلم، سیکرٹری فنانس مرزا منور حسین، ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرلز، جنرل منیجرز، ریجنل صدور اور نیشنل ڈائریکٹرز سمیت بڑے شہروں کے صدور بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں الخدمت فائونڈیشن کے تمام پروگرامات آفات سے بچائو، صحت، تعلیم، صاف پانی، کفالت یتامیٰ، مواخات اور سماجی خدمات کے نیشنل ڈائریکٹرز نے ملٹی میڈیا پریزنٹیشن کے ذریعے گزشتہ 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی جس کا اجلاس میں جائزہ لیا گیا، اس کے علاوہ آئندہ6 ماہ کی منصوبہ بندی بھی پیش کی گئی۔ اجلاس سے خطاب میں محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کے لیے بلاتفریق رنگ و نسل اورمذہب سرگرم ہے‘ الخدمت ملک بھر میں خدمت خلق کا ایک نمایاں نام بن چکی ہے‘ مستحق اور نادار افراد کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ان کے لیے خدمات سر انجام دے رہی ہے۔