نئے پاکستان میں کرپشن 200 گنا بڑھ گئی، عظمیٰ بخاری

95

لاہور (آن لائن) مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا کرپشن مافیا عمران خان کے دائیں بائیں بیٹھا ہے۔ پی ٹی آئی اگر الیکشن کمیشن کو با اختیار سمجھتی ہے تو اس کی اتھارٹی کو چیلنج کیوں کررہی ہے؟۔ عمران خان نے آج تک چینی مافیا ،گندم مافیا ، پیٹرول مافیا اور ادویات مافیا سے ٹکر کیوں نہیں لی؟، عمران خان کے پاکستان میں کرپشن کا ریٹ دوسو گنا بڑھ گیا ہے۔ مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا فردوس عاشق کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا کہ ملکی و غیر ملکی میڈیا سمیت عالمی ادارے عمران خان کو سرٹیفائیڈ کرپٹ وزیراعظم قراردے رہے ہیں۔ خادمہ صاحبہ اپنے ’’منہ میاں مٹھو‘‘بننے سے آپ لوگ پاکدامن نہیں ہو سکتے۔ کرپشن اور چوری کی سندیں اور تمغے عمران حکومت کے ماتھے کا جومر بن چکی ہیں،پی ڈی ایم نے حکومت کی دم پر پائوں رکھ دیا ہے اس لیے آپ تلما رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران کھابھی رہے ، عوام کو رلا بھی رہے ہیں اور مزید مہنگائی سے ڈرا بھی رہے ہیں۔ عمران خان کا ہر وزیر ، مشیر اور دوست نئے پاکستان سے اپنا اپنا حصہ دل کھول کے وصول کررہا ہے۔نیب،ایف آئی اے سمیت کسی ادارے کو عمران خان کے دوستوں کے ڈاکے نظر نہیں آرہے۔