اسپتالوں میں بہترسہولیات کیلیے جنگی بنیاد پر کام جاری ہے‘امتیاز علی

177

گلگت (اے پی پی)ترجمان وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امتیاز علی تاج نے کہاہے کہ سرکاری اسپتالوں میں بہترطبی سہولیات کی فراہمی کے لیے وزیراعلیٰ خالد خورشید جنگی بنیاد پر کام کر رہے ہیں،اسپتالوں کی خالی عمارتیں ماضی کے حکمرانوں کی تنگ نظر سیاست و نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومتوں نے ہزاروں سرکاری ملازمتیں اپنے چیلوں میں بانٹ دیے،ہمارے لیے پورے جی بی میں صرف46 تربیت یافتہ نرسز ورثے میں چھوڑ گئے۔10 میں سے8 اضلاع کےDHQ کو غیر فعال رکھا گیا۔30 بستروں پر مشتمل اسپتال میں22 سویپرز کھپادیے، حکومتی محکمے بالخصوص صحت و تعلیم کو دیمک کی طرح کھوکھلا کردیا ہے۔موجودہ حکومت30 جون2021ء تک تمام اضلاع کے DHQ کو مکمل فعال کردے گی۔ اس ہدف کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اورطبی ماہرین پر مشتمل ہیلتھ ریفارمز اسٹیئرنگ کمیٹی بنادی ہے جو ماہانہ وزیراعلیٰ کو اس منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کرتی رہے گی۔