اسد اچکزئی کے قاتل جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

328

کوئٹہ(صباح نیوز)جوڈیشل مجسٹریٹ نے عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات اسد خان اچکزئی قتل کیس میں گرفتاردونوں ملزمان کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ۔ اسد خان اچکزئی کے قتل کیس کے ملزمان کو پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے اسد خان اچکزئی قتل کیس میں گرفتار ملزمان کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ۔ ائرپورٹ پولیس نے دونوں ملزمان کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا۔ ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ کا کہنا ہے کہ اسد اچکزئی کا قاتل اسرار لیویز کا سپاہی ہے اور ڈکیتی کی متعدد واردات میں ملوث ہے۔ڈی آئی جی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے اسد خان اچکزئی کی گاڑی بھی ملی ہے۔ ملزمان نے اسد اچکزئی سے گاڑی چھین کر قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ڈی آئی جی پولیس نے کہا کہ مقتول اسد اچکزئی نے لیویز اہلکار کو لفٹ دی تھی۔ واضح رہے کہ اسد اچکزئی کی لاش کوئٹہ کے علاقے نوحصار سے برآمد ہوئی تھی۔ وہ 5ماہ قبل ائرپورٹ روڈ سے لاپتا ہوئے تھے۔