حافظ سلمان بٹ کی یاد میں NLF حیدر آباد کا تعزیتی اجلاس

205

مشہور مزدور رہنما پریم یونین صدر حافظ سلمان بٹ کے انتقال پر نیشنل لیبر فیڈریشن حیدرآباد زون کی جانب سے تعزیتی اجتماع منعقد کیا گیا جس میں ٹریڈ یونین عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے جنرل سیکرٹری شکیل احمد شیخ نے کہا کہ حافظ سلمان بٹ نا صرف ٹریڈ یونین بلکہ سیاسی طور پر بھی بہت مضبوط کردار کے حامل تھے۔ مرحوم نے پریم یونین کو مضبوط کرنے اور پاکستان کی ایک بڑی ٹریڈ یونین بنانے میں بڑا اہم کردار ادا کیا اور اپنی صلاحیتوں سے پریم یونین کو ایک طاقت ور تنظیم بنایا۔ حافظ سلمان بٹ کی قیادت میں پاکستان ریلوے کا مزدور ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوا اور انہوں نے کئی مسائل کو حل کیا اور پہلی مرتبہ CBA یونین کی حیثیت سے ریلوے کے چیئرمین کو مطالبات نوٹس دیا جو منظوری کے مرحلے پر تھا لیکن انکی زندگی نے ان کی ساتھ وفا نہیں کی۔
سینئر مزدور رہنما رانا محمود علی خان نے کہا کہ حافظ سلمان بٹ کے متعلق وہ بہت سی اہم چیزوں کو جانتے ہیں جس کو میں نے مضمون کی شکل میں قلم بند کیا ہے۔ مرحوم نے اسلامی جمعیت طلبہ سے سیاست کا آغاز کیا اور مختلف عہدوں پر رہنے کے بعد اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب کے صدر بنے اور اس دوران کئی مرتبہ جیل جانا پڑا۔ اسلامی جمعیت طلبہ سے فارغ ہونے کے بعد مرحوم نے سیاسی طور پر جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی اور کچھ عرصے بعد ٹریڈ یونین میں پریم یونین کی قیادت سے ٹریڈ یونین تحریک میں آغاز کیا۔ مرحوم MNA بنے، صوبائی اسمبلی کے ممبر رہے اور 2001 میں جنرل مشرف کے دور میں لاہور میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کے ضلعی ناظم کے عہدہ پر الیکشن لڑا لیکن مرحوم کی جیت یقینی تھی لیکن جنرل مشرف نے خصوصی دلچسپی لے کر نتائج کو تبدیل کروایا۔ انہوں نے کہا کہ جب انہیں 2015 میں نیشنل لیبر فیڈریشن کی صدارت پر منتخب کیا گیا میں نے پہلے ہی اجلاس میں بغیر کسی مشورہ کے فوری طور پر حافظ سلمان بٹ مرحوم کو نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کا سیکرٹری جنرل بنانے کا اعلان کیا جس پر سب کو حیرت تھی اور کچھ افراد نے اس کو ناپسند بھی کیا۔ لیکن بحیثیت سیکرٹری جنرل مرحوم نے جس محنت لگن سے نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے سیکرٹریٹ کو منظم کیا اور اس کا حق ادا کیا۔ مرحوم سیاسی طور پر اور جماعت اسلامی کی تحریک میں اور مزدور تحریک میں حافظ سلمان بٹ کا نام ایک بڑا نام تھا جس کا خلا پر نہیں کیا جاسکتا۔ تعزیتی اجتما ع سے ریلوے پریم یونین کے رہنما نصیر الدین ناصر، مبین راجپوت، HDA ایمپلائز یونین CBA کے جنرل سیکرٹری عبد القیوم بھٹی، آرکرومہ ایمپلائز یونین جامشورو CBA کے جنرل سیکرٹری ناظم سولنگی، نیشنل لیبر فیڈریشن حیدرآباد زون کے جنرل سیکرٹری اعجاز حسین اور دیگر نے بھی اپنے خطاب میں حافظ سلمان بٹ کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض عبد الجبار قریشی سینئر نائب صدر نیشنل لیبر فیڈریشن حیدرآباد نے انجام دیے۔