حکمران صنعتوں کو فروغ دیں‘ امجد اعوان

103

انڈسٹریل گروتھ آرگنائزیشن کے کنوینر ملک محمد امجد اعوان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک بھر کے صنعت کار کھربوں ڈالر کا زرمبادلہ حکمرانوں کو دے رہے ہیں لیکن وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں صنعتوں کے فروغ کے لیے اقدامات نہیں اٹھارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے پالیسیاں بنائی جائیں۔ کارخانوں کو سہولتیں فراہم کی جائیں۔ صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے۔ کارخانوں کو بجلی، پانی، گیس وغیرہ وافر مقدار میں اور سسٹی فراہم کی جائے۔ جب مالکان کو مراعات ملیں گی تو صنعت ترقی کرے گی۔ صنعتوں کی ترقی میں آجر، اجیر اور حکومتوں کا فائدہ ہے۔ عوام کو روزگار ملے گا۔ حکمرانوں کو زرمبادلہ ملے گا، انہوں نے کہا کہ دیگر شہروں کی طرح کراچی کے صنعتی علاقے بھی تباہی سے دوچار ہیں۔ SITE کے علاقے میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ خراب سڑکوں کی وجہ مال برداری میں مشکلات پیش آتی ہیں، سامان سے لودے ہوئے ٹرک و و ٹرالر الٹ جاتے ہیں جس کی وجہ تیار پیداوار کو نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لانڈھی، کورنگی پورٹ قاسم وغیرہ میں بھی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں دشواریاں ہوتی ہیں۔ جرائم پیشہ افراد لوٹ مار شروع کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، پانی اور گیس بھی صنعتوں کو کم مل رہی ہیں جس کی وجہ سے پیداواری عمل سست روی کا شکار ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی سے ہی ملک ترقی کرسکتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکمران اچھا صنعتی ماحول پیدا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔