مزدور رہنماؤں کی ملاقاتیں

79

پارٹی کے بنیادی اصولوں اورنظریات پر قائم رہتے ہوئے ہماری یہ جدوجہد ہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے لیبر ونگز اور مزدور تنظیموں کے مابین زیادہ سے زیادہ یکجہتی کوممکن بنائیں تاکہ محنت کش عوام کے حقوق کا مؤثر اور مشترکہ دفاع کیا جاسکے ۔ان خیالات کا اظہار پیپلز لیبربیورو سندھ کے صدر سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن لیبر ونگ کے صدر اخلاق ہاشمی کی قیادت میں ایک وفد جو کہ مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ ضلع ملیر کے صدر ملک جاوید معراج اور حسین جوکھیو پر مشتمل تھا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے اُن سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر پیپلز لیبر بیورو کے سینئر رہنما مدّاح حسین شاہ بھی موجود تھے۔ حبیب الدین جنید ی نے کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد صوبہ سندھ نے ملک کے دیگر تمام صوبوں کی نسبت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سب سے زیادہ قانون سازی کی جوکہ ایک ریکارڈ ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی محنت کش طبقہ کو معیشت اور اقتصادیات کی ریڑھ کی ہڈی گردانتی ہے اور اُن کے حقوق پر کسی بھی حالت میں کمپرومائز نہیں کرسکتی۔ حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ پیپلز لیبر بیورو مزدوروں کی قوّت کو یکجا کرنے اور اُنہیں جوڑنے پر یقین رکھتا ہے اور اس عظیم مقصد کے حصول کے لیے اُن کی خواہش ہے کہ دیگر مزدور تنظیمیں بھی اُن کے ساتھ شریکِ کار ہوں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن لیبر ونگ کے صدر اخلاق ہا شمی نے کہا کہ اُن کا لیبر ونگ بھی محنت کشوں کی یکجہتی پر یقین رکھتا ہے اور مزدوروں کے حقوق اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے ہم پیپلز لیبر بیورو سے ہر ممکن تعاون کریں گے۔