جے یو آئی کے ساتھ فارمولا طے ہوگیا‘ اخترمینگل

183

کوئٹہ(آن لائن )بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت اپنے شاندار کارناموں سے خود پریشان ہے ہمیں اس کیلیے زحمت کرنے کی ضرورت نہیں ہے جمعیت علمااسلام کے ساتھ فارمولا طے ہوا ہے جلد باقاعدہ اعلان کیا جائے گا دو دن انتظار کریں پی ڈی ایم کا ہدف سامنے آجائیگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتونخوا میپ کے سربراہ محمودخان اچکزئی کی سردار اختر مینگل کے گھر آمد کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ملاقات میں محمود خان اچکزئی کے ہمراہ پارٹی رہنما عثمان کاکڑ رحیم زیارتوال رضا محمد رضا اور نصر اللہ زیرے تھے اورسردار اختر جان مینگل کے ہمراہ اراکین بلوچستان اسمبلی ثنا اللہ بلوچ میرحمل کلمتی بابو رحیم مینگل نصیر شاہوانی بھی موجود تھے ۔ محمود خان اچکزئی اور سردار اختر مینگل نے کہا کہ پی ڈی ایم بلوچستان کی سطح پر سینیٹ امیدواروں کا اعلان متوقع ہے پی ڈی ایم نے گزشتہ روز خیبر پختونخوا میں بھی مشترکہ امیدواروں کا اعلان کیا اختر جان مینگل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں متحرک ہونا ہمارے فرائض میں شامل ہے دو دن انتظار کریں پی ڈی ایم کا ہدف سمیت سب کچھ سامنے آجائیگا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تمام سیاسی جماعتیں اور قبائلی لوگ ہمارے لیے قابل احترام ہے ہم خود سیاسی پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں ظاہر ہے سینیٹ الیکشن کے موقع پر تمام جماعتوں کے ساتھ ملاقاتیں کی جارہی ہیں اور انشاء اللہ مثبت نتائج نظر آئینگے جمعیت علماء اسلام کے ساتھ فارمولا طے ہوا ہے جلد باقاعدہ اعلان کیا جائیگا۔