سو فیصد بچوں کو اسکول بلانے کی اجازت نہیں: وزیر تعلیم سندھ

451

سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث اسکولوں میں سو فیصد بچوں کو بلانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ وفاقی حکومت کے طے شدہ فیصلوں کے مطابق اسکولوں میں پچاس فیصد حاضری ہوگی جب کہ اسکولوں میں بچوں کے درمیان فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا۔

سعید غنی نے کہا کہ وفاقی وزیر تعلیم نے یکم مارچ سے سو فیصد بچوں کو ایک ساتھ اسکول جانے کا اعلان کیا۔ جب سو فیصد بچوں کو ایک ساتھ بلایا جائے گا تو فاصلہ کیسے رکھا جائے گا؟

وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ ہم سندھ میں اپنا فیصلہ برقرار رکھیں گے۔ کووڈ-19 کے اختتام پر سو فیصد بچوں کو ایک ساتھ اجازت دیں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے 25 فروری کو ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے یکم مارچ سے ملک کے تمام اسکولوں کو کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

شفقت محمود نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ یکم مارچ 2021 سے تمام اسکولز معمول کے مطابق کھلیں گے۔ کورونا کی وجہ سے بعض بڑے شہروں میں 50 فیصد بچوں کو بلانے کی پابندی 28 فروری کو ختم ہو جائے گی۔