جے یو آئی کے 3 رہنما قتل، کارکنوں نے مری جانے والی سڑک بلاک کردی

464

گزشتہ روز اسلام آباد میں قتل ہونے والے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی)کے 3 مقامی رہنماؤں کی لاشیں لواحقین کے حوالے کردی گئیں جب کہ کارکنوں نے اٹھال چوک پر احتجاجی دھرنا دے دیا۔

جے یو آئی کے کارکنوں نے مری جانے والی شاہراہ کو بلاک کردی۔ مظاہرین نے اسلام آباد پولیس کے خلاف نعرے بازی اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قاتلوں کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا۔

جے یو آئی کے رہنما ڈاکٹر ضیاء الرحمان کا کہنا ہے کہ لاشوں کو غسل دینے کے بعد باقاعدہ احتجاج شروع کیا جائے گا۔ پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ بارہ کہو پولیس کو 3 افراد کے قتل کے مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست موصول ہوگئی۔ ایف آئی آر درج کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

جے یو آئی کے مقامی رہنما قاری کرامت الرحمان کا کہنا ہے کہ مقتول جے یو آئی کے سرگرم رکن تھے۔ واقعہ حکومت اور انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کا ثبوت ہے۔ مقتولین کے قاتل گرفتار کیے جانے تک دھرنا جاری رہے گا۔