مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے، محمد جاوید قصوری

90

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ادارہ شماریات کی تازہ رپورٹ حکمرانوں کی بد ترین کارکردگی کی عکاسی کرتی ہے۔ مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ سرمایہ کاری میں 78فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں 20روپے فی لٹرتک اضافے کی تجویز بے حسی کی انتہاہے۔ مہنگائی نے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے۔ تحریک انصاف کی تبدیلی ملک و قوم کے لیے عذاب بن چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سات ماہ کے دوران مہنگائی کی اوسطاً شرح 8.2فیصد رہی ۔ آٹا ، گھی ، دالیں ، چاول اور مرغی سمیت 25اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ سرمایہ کار حکومت کی مایوس کن کارکردگی کی بدولت پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے سے گھبرارہے ہیں۔ ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام، ان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ سو دنوں میں ملک کی سمت درست کرنے والوں کے لیے اب پانچ سال بھی کم ہوگئے ہیں۔ جو حکومت پہلے سال میں غیر مقبول ہوجائے ، اس کے لیے جتنا مرضی وقت دے دیا جائے وہ کم بیک نہیں کرسکتی۔ دو پارٹی نظام سے تنگ عوام نے تیسری کو موقع دیا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ وہ کبھی کسی بھی سطح پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ قوم ان سٹیٹس کو جماعتوں سے نجات حاصل کرے اور کسی دوسری قیادت کو موقع فراہم کیا جائے جو حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو۔ جماعت اسلامی ملک و قوم کے لیے نجات دہندہ ثابت ہوسکتی ہے۔