کندھکوٹ، پھولوں کی نمائش ، جشن بہاراں کی پر وقار افتتاحی تقریب

435

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) کشمور میں ڈپٹی کمشنر منور علی مٹھیانی، ایس پی احمد امجد شیخ، سندھی ادبی سنگت اور باشعور شہریوں کی جانب سے منی اسپورٹس اسٹیڈیم میں علمی، ادبی، ثقافتی میلہ، محفل موسیقی اور پھولوں کی نمائش ، جشن بہاراں کی پر وقار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پھولوں کی نمائش اور میلے کا افتتاح پاکستانی پرچم کو لہرا کر کیا گیا۔ تقریب میں آئے مہمانوں کو سندھ پولیس اور اسٹوڈنٹ اسکائوٹس کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ تقریب میں وفاقی، صوبائی اور مختلف این جی اوز کی جانب سے اسٹال لگائے گئے ہیں۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک، حمد و نعت اور قومی ترانے سے کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرگنائزر کمیٹی نے بتایا کہ فیسٹیول میں آرٹ کونسل کی حلف تقریب، ادبی کانفرنس، فلاور شو، ادبی محفلیں مشاعرے، موسیقی گھوڑوں کی ریس، بیلوں کی ریس، اسٹیج ڈرامے کے پروگرام ترتیب دیے گئے، جس سے عوام تین دن 26، 27 اور 28 فروری کو لطف اندوز ہوسکیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر منور علی مٹھیانی اور ایس ایس پی امجد شیخ کا کہنا تھا کہ کشمور ضلع کے عوام کے لیے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس سے عوام زیادہ سے زیادہ لطف اٹھائیں۔ ایسے پروگرام مستقبل میں بھی کیے جائیں گے۔ میلے کا دوسرا دن سیکورٹی اداروں کے شہیدوں کے نام پر صرف خواتین کے لیے مختص کیا گیا۔ عوام بے خوف ہوکر ایسے ایونٹ میں شامل ہو کر بھرپور لطف اندوز ہوں۔ سیکورٹی کے معاملات ہم پر چھوڑ دیں، کشمور ضلع کے عوام کو تفریح مہیا کرنے کے لیے جشن بہاراں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس فیسٹیول میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں اور فیسٹیول کو کامیاب بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ شرکت فرمائیں۔ تقریب میں صوبائی اور وفاقی ڈپارٹمنٹ کے سربراہان، کشمور ضلع میں کام کرنے والی این جی اوز، صحافی برادران اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔