اکابر کے مؤقف کو سینہ بہ سینہ آگے منسلک کریں، محمد کفیل بخاری

142

لاہور (نمائندہ جسارت) ہم اپنے اکابر کے مشن کو آخری سانس تک جاری رکھیں گے۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری نے لاہور کے ایک روزہ دورے پر دفتر احرار لاہور سے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہماری ذمے داری بنتی ہے کہ ہم اپنے اکابر کے مؤقف کو سینہ بہ سینہ آگے منسلک کریں تاکہ ہماری آنے والی نسلیں باطل اور کفریہ عقائد سے محفوظ رہ سکیں۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے نائب امیر ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے حضرت پیر جی سید عطاء المہیمن بخاری مرحوم کی تعزیت اور اظہار افسوس کے لیے سید محمد کفیل بخاری سے دفتر احرار لاہور میں ملاقات کی اور حضرت پیر جیؒ کی دینی و ملی خدمات کو سراہتے ہوئے عبدالغفور راشد نے کہا کہ حضرت پیر جی کا دنیا سے چلے جانا یقینا امت مسلمہ کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے۔ حضرت امیر شریعت کے بعد ابناء امیر شریعت اور با الخصوص امیر شریعت کے آخری فرزند سید عطاء المہیمن بخاری مرحوم نے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے جو قربانیاں دی ان کی مثال آج کے دور میں پیش کرنا بہت ہی مشکل ہے۔ خاندان امیر شریعت کی دین کی اشاعت کے لیے قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ سید عطاء المہیمن بخاری مرحومؒ نے ہمیشہ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے رہنماؤں کے ساتھ شفقت ومحبت کا برتاؤ کیا۔ہم سب خانوادہ امیر شریعت اور مجلس احرار اسلام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔