سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے 24 گھنٹے میں 4 حملے

415

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمنی باغیوں نے سعودی عرب پر حملے تیز کردیے۔ یمن میں حوثیوں کے خلاف سرگرم عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے اپنے بیان میں بتایا کہ باغیوں نے 24گھنٹے کے دوران سعودی شہروں پر 4حملے کیے،جنہیں ناکام بنادیا گیا۔ اس سے قبل عرب اتحاد نے حوثی ملیشیا کے بیلسٹک میزائل کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ یہ حملے سعودی شہر خمیس مشیط پر کیے گئے، جب کہ ایک حملہ یمن کے شہر مارب میں اتحادی فوج پر کیا گیا تھا۔ عرب اتحاد کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ایران کے حمایت یافتہ باغی میزائل حملے کرکے سعودی عرب کے جنوبی علاقوں میں شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش میں ہیں۔ بیان میں مزید کہا کہ ہم بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنے شہریوں اور عوامی اہداف کے تحفظ کے لیے دفاعی اقدامات کررہے ہیں۔ حوثیوں نے جمعہ کی صبح اور سہ پہرکو خمیس مشیط کی جانب بارود سے بھرے 2ڈرون روانہ کیے تھے، لیکن عرب اتحادی فورسز نے انہیں فضا ہی میں تباہ کردیا تھا۔ خمیس مشیط سعودی عرب کے جنوب مغربی صوبے عسیر میں ابہاشہر کے مشرق میں ہے۔ کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ حملہ ناکام کرنے کے لیے عرب اتحادی فورسز نے بارود سے بھرے ڈرون کا سراغ لگا یا۔ باغی ملیشیا کی دہشت گرانہ کارروائیاں اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوششیں جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ نے اپنے رپورٹ میں کہا ہے کہ مارب میں بم باری کے باعث ہزاروں افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ حدیدہ کے ساحل پر صافرآئل ٹینکر ایک ٹائم بم میں تبدیل ہوچکا ہے اور سنگین نوعیت کی ماحولیاتی تباہی کا خطرہ بن رہا ہے۔ ادھر یمنی وزیر برائے خارجہ امور احمد عوض بن مبارک نے بتایا کہ یمنی فوج نے مارب صوبے میںانصار اللہ جماعت کا حملہ پسپا کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حوثی ملیشیا یمن میں قیام امن کے لیے اقوام متحدہ اور امریکا کی کوششوں کے مقابلے پر مارب صوبے میں عسکری جارحیت کا ارتکاب کر رہی ہے۔ ساتھ ہی وہ شہری مقامات اور پناہ گزینوں کے کیمپوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔