شام پر امریکی جارحیت عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے‘ ایران

144

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے امریکا پر غیر قانونی جارحانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں 25 فروری کو شام میں جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر امریکی فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان سعید خطیب زادے نے اپنے ایک بیان میں اسے شام کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف واضح جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ فضائی حملوں سے جنگ زدہ ملک میں جہاں تنازع مزید گہرا ہوگا وہیں خطے میں عدم استحکام میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شام میں امریکا کے غیر قانونی فوجی اڈے ہیںم جنہیں وہ دہشت گردوں کو تربیت دینے کے لیے استعمال کرتا ہے اور قدرتی وسائل پر گرفت حاصل کرنے کے لیے وہ ملک پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ دوسری جانب شامی وزارت خارجہ نے بھی ان حملوں کو امریکا کی بزدالانہ جارحیت قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ اُدھر عراقی کی مسلح افواج نے شام میں ایک ایرانی حمایت یافتہ گروپ کے ٹھکانوں پر امریکی حملے میں تعاون یا معلومات کے تبادلے پر مبنی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔