امریکا: 19 کھرب ڈالر کا کورونا ریلیف پیکیج منظور

213
واشنگٹن: ایوان نمایندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کورونا ریلیف بل کی منظوری کے بعد پریس کانفرنس کررہی ہیں

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ایوان نمائندگان نے صدر جو بائیڈن کا پیش کیا گیا 19 کھرب ڈالر کا کورونا امدادی پیکیج منظور کر لیا۔ خبر رساں اداروں کے مطاابق اس پیکیج کے ذریعے کاروبار، ریاستی حکومتوں اور عالمی وبا سے مالی مشکلات کا شکار ہونے والے شہریوں کی مدد کی جائے گی۔ قانون سازوں نے ہفتے کے روز رائے شماری میں حصہ لیتے ہوئے امدادی پیکیج 212 کے مقابلے میں 219 ووٹوں سے منظور کیا۔ واضح رہے کہ امریکا کے ایوانِ زیریں میں ڈیموکریٹک پارٹی کی اکثریت ہے ۔ 20 جنوری کو صدارت سنبھالنے کے بعد قانون سازی میں صدر جو بائیڈن کی یہ پہلی کامیابی ہے۔ کورونا امدادی پیکیج اب امریکی سینیٹ میں پیش ہو گا جہاں دونوں جماعتوں کے پاس 50، 50 ووٹ ہیں، البتہ کسی بھی صورت میں ووٹنگ برابر ہونے پر نائب صدر کملا ہیرس اپنے فیصلہ کن ووٹ کے ذریعے فیصلہ کر سکتی ہیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کا مؤقف تھا کہ امریکی معیشت کا پہیہ چلانے کے لیے یہ امدادی پیکیج بہت ضروری ہے۔