۔5 ماہ سے لاپتا اے این پی کے رہنما اسد خان اچکزئی کی لاش برآمد

221

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)عوامی نیشنل پارٹی کے لاپتا صوبائی پریس سیکرٹری اسد خان اچکزئی کی لاش برآمد ہوگئی۔اسد خان اچکزئی کی لاش کوئٹہ کے علاقے نوحصار سے ملی۔ وہ 5 ماہ قبل ائرپورٹ روڈ سے لاپتا ہوئے تھے۔ عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صدر اصغرخان اچکزئی نے اسد خان اچکزئی کی لاش ملنے کی تصدیق کی ہے۔جناح روڈ ، قندھاری بازار اور منان چوک پر ا ے این پی کے کارکنوں نے اسد اچکزئی کی لاش ملنے پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ٹائر جلا کر احتجاج کیا اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔عوامی نیشنل پارٹی نے تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی، صوبائی اور ضلعی دفاتر پر پارٹی پرچم سرنگوں رہیں گے۔امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ اسد خان اچکزئی کی گمشدگی اور آج ان کی لاش ملنا بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے، شہریوں کو تحفظ دینا ریاست اور متعلقہ اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے، اس قسم کے واقعات عوام کا قانون اور آئین سے اعتماد اور یقین کم کرنے کا باعث بن رہے ہیں۔