انتخابی نظام کو داغدار اور مذاق بنادیاگیا‘ لیاقت بلوچ

216

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ جمہوری ، انتخابی اور پارلیمانی نظام قیادت کی تبدیلی اور ریاستی نظام کے استحکام کا ذریعہ ہے لیکن انتخابی نظام کو داغدار اور مذاق بنا دیا گیا ہے۔ فوجی آمروں اور ماضی کی سیاسی حکومتوں نے انتخابات کی چوری کی لیکن عمران خان سرکار نے چیئرمین سینیٹ ، ایوان بالا انتخاب اور ضمنی انتخاب پر ڈاکا مارا ہے ۔شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات اسٹیبلشمنٹ نے خیرات میں نہیں دینے ، انتخابی اصلاحات کے لیے تمام جمہوری قوتوں کو قومی ڈائیلاگ کرناہوں گے ۔ جماعت اسلامی نے انتخابی اصلاحات کے لیے سفارشات کی دستاویز تیار کر لی ہے ۔ تمام سیاسی ،دینی اور قومی قیادت سے ملاقات کر کے انتخابی اصلاحات پر قومی کردار کے لیے تیار کریں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے وہاڑی جامعۃ الاسلامیہ جدیدہ کی سالانہ ختم بخاری تقریب ، بہاولپور میں عوامی جلسہ اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومتی نااہلی ، ناکامی اور عوام دشمن حربوں کے خلاف پورا ملک سراپا احتجاج ہے ۔ عمران خان کے ناجائزاقتدار کو عوام نے برداشت کیا کہ فوجی آمریتوں ، پی پی اور مسلم لیگ کی ناکامیوں کے بعد حالات بدلیں گے لیکن تبدیلی رسوائی اور سونامی تباہی بن گئی ہے ۔حکومت ملک کے نظام کے لیے کنفیوژن کا شکار ہے ۔ عمران خان نظام پر بھی یوٹرن لیتے چلے جارہے ہیں ۔ ریاست مدینہ نظام کے ساتھ ایران ، چین ، امریکا جیسا نظام لانے کی باتیں قیام پاکستان کے مقاصد سے انحراف ہے ۔ اسلام کی حکمرانی اور قرآن و سنت کا نظام ہی پاکستان کا نظام ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ قرض ،سود ، کرپشن ، بدعنوانیوں کی لعنت سے مہنگائی ، بے روزگاری ، لاقانونیت اور میرٹ کی پامالی عوام کے لیے عذاب بن گئی ہے ۔ زراعت ، تجارت ،صنعت کے لیے پیداواری لاگت کا بوجھ ناقابل برداشت ہوگیاہے ۔ زراعت قومی معیشت کی شہ رگ ہے لیکن شہ رگ کو ہی کاٹ کر ملک و ملت کو آئی ایم ایف ، ایف اے ٹی ایف کا غلام بنادیا ہے ۔ خود انحصاری ، اپنی قوم پر اعتماد اور اسلام کا معاشی نظام ہی بحرانوں کا حل ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ سیاسی تاریخ میں حکومتوں کی ناکامی اور اپوزیشن اتحادوں کے تضادات نوشتہ دیوار ہیں ۔ جماعت اسلامی نے اسلامی انقلابی منشور ، صاف ستھرے کردار اور ملک بھر سے اہل دیانتدار اور محب وطن افراد کو متحد کر کے ملک کو بحرانوں سے نجات دلانے کی تحریک شروع کردی ہے ۔ ملک بھر میں کارکنان گھر گھر جا کر یہ پیغام پہنچائیں ۔