ہو سکتا ہے لانگ مارچ کی ضرورت ہی پیش نہ آ ئے ‘ مر یم نواز

278
لاہور: ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز رہائی کے بعد حمزہ شہباز کے ہمراہ سیلفی لے رہی ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ڈسکہ اور سینیٹ الیکشن کے بعد لانگ مارچ کی تیاری ہے لیکن ہو سکتا ہے لانگ مارچ کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکومت دھاندلی کے باوجود الیکشن ہار گئی اس لیے صاف اور شفاف الیکشن سے ڈرتی ہے، یہ جانتے ہیں آزاد اور شفاف الیکشن ہوا تو ان کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ارکان اب اپنی ہی جماعت کو ووٹ دینے کو تیار نہیں اور نہیں جانتی کہ یوسف رضا گیلانی کامیاب ہوں گے یا نہیں البتہ وہ امیدوار ہیں اور خود رابطے کررہے ہیں۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک بار تو ساز باز کر کے آگئے ہیں اب پی ٹی آئی کے ارکان انہیں ووٹ نہیں دیں گے، عمران کی کارکردگی سے ان کے ووٹ بینک پر اثر پڑا ہے، اب ان کے ارکان بھی ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز میری طرح پارٹی کے کارکن ہیں، ہم دونوں پارٹی کیلیے خدمات سرانجام دیں گے، حمزہ شہباز نے بہادری کے ساتھ جھوٹے کیس کا مقابلہ کیا، دو سال نا حق جیل کاٹی ،ان کی رہائی پر بہت خوشی ہے ان کی رہا ئی سے ہم ایک اور ایک مل کر گیارہ ہو جائیں گے ۔