کسی بھی مہم جوئی میں ہماراجواب فوری اور موثر ہو گا ‘ پاک فضائیہ

261
اسلام آباد:پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی مناسبت سے تقریب میں گارڈ آف آنر کا معائنہ کررہے ہیں

اسلام آباد(آن لائن)پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ ہم امن پسند ہیں اور امن سے رہنا چاہتے ہیں لیکن اگر ہماری سالمیت اور خود مختاری کوللکارا گیا تو ہمارا ردعمل 27 فروری 2019 ء کی طرح بروقت اور ٹھوس ہوگا۔یہ بات انہوں نے پاک فضائیہ کی آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں شاندار کامیابی کے2 برس مکمل ہونے پر ائر ہیڈ کوارٹرزاسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطا ب کے دوران کہی۔ سربراہ پاک فضائیہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ ائر چیف نے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے کوویڈ 19 کے وبائی مرض سے درپیش مسائل کے باوجود اپنی آپریشنل تیاریوں کو برقرار رکھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جس سے نبردآزما ہونے کے لیے ہمیں چوکنا بھی رہنا ہے، پاک فضائیہ اپنی آپریشنل صلاحیتوں میں مزید اضافے کے لیے جدت اور خودانحصاری کی طرف گامزن ہے،27فروری نہ صرف پاک فضائیہ کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے بلکہ یہ ملک کی تاریخ کے لیے بھی اہم ہے، اس تاریخی دن پاک فضائیہ نے ایک بار پھر اپنی شاندار صلاحیت کو منوایا اور ان حملہ آوروں کو ناکام بنایا جنہوں نے غلط اندازہ لگا کر ہماری خودمختاری کو للکارا تھا،پاک فضائیہ نے اس طرح جواب دیا جس پر قوم کو فخر ہے، ہم نے فضا میں اپنی بالادستی قائم کی، میں آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں پاک فضائیہ کے تمام جوانوں کی جانب سے دکھائی جانے والی پیشہ وارانہ مہارت، بہادری اور عزم کی تعریف کرتا ہوں ، پاکستان ایک ذمے دار اور امن پسند ملک ہے اور مسلح افواج ہر قیمت پر ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔