بشریٰ بی بی کا خاندان حمزہ شہبازکی ضمانت لینے میں پیش پیش

129

لاہور (نمائندہ جسارت) ن لیگی رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی لاہور ہائیکورٹ سے2 مقدمات میں ضمانت پر رہائی کے لیے وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے قریبی رشتہ دار حمزہ شہباز کے ضمانتی بن گئے، جن کی تعداد 3 ہے۔ مذکورہ ضمانتیوں نے حمزہ شہباز کی رہائی کے لیے 1،1کروڑ روپے مالیت کے2 مچلکے احتساب عدالت میں جمع کرائے۔ حمزہ شہباز کے ضمانتیوں میں بشریٰ بی بی کے کزن مسعود اختر، بھتیجے عدیل علی خان اور مسعود اختر کے داماد ادریس بھٹی شامل ہیں۔ ادریس بھٹی پنجاب اسمبلی میں لیگی خاتون ایم پی اے عنیزہ فاطمہ کے شوہر بھی ہیں۔بشریٰ بی بی کے قریبی عزیزوں اور حمزہ شہباز کے ضمانتیوں کا کہنا تھا کہ وہ حق اور سچ کے ساتھ ہیں اور انہیں جو بہتر لگا وہی کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے قریبی عزیز ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ سچ کا ساتھ نہ دیا جائے، سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی۔ سابق گورنر سندھ زبیر احمد بھی تو حکومتی وفاقی وزیر اسد عمر کے حقیقی بھائی ہیں، ہر شخص کااپنا سیاسی نظریہ ہوتا ہے۔