پاکستان اورسعودی عرب کاباہمی تعلقات ودوطرفہ تعاون کے فروغ پراتفاق

128

اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان اورسعودی عرب نے کسٹمز اور ٹیکس سے متعلق امورمیں دوطرفہ تعلقات اورتعاون کو فروغ دینے کے لیے اقدامات پراتفاق کیاہے۔پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین محمد جاوید غنی سے ایف بی آر ہیڈکوارٹر میں ملاقات کی۔ ایف بی آر کے ترجمان نے بتایا کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ٹیکس اور کسٹمز کے شعبے میں باہمی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے ایک دوسرے کے بہترین تجربات کو اپنائیں گے ، باہمی اشتراک کو وسعت دیں گے جس سے دو طرفہ تجارت کو فروغ ملے گا۔ سعودی سفیر نے ایف بی آر کا رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ہدف سے زیادہ ریوینواکھٹا کرنے پر چیئرمین ایف بی آر کو مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ ایف بی آر سال کا مقر ر کردہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔