محمد حفیظ کو سی کیٹیگری کی پیشکش ناانصافی ہے،معین خان

303

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق ٹیسٹ کپتان معین خان نے سینئر بیٹسمین محمد حفیظ کے حق میں آواز بلند کردی۔ سابق کپتان معین خان نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’یہ پی سی بی کی جانب سے دوہرا معیار ہے کہ محمد حفیظ کو سی کیٹیگری کی پیشکش کی گئی جب کہ اظہر علی اور یاسر شاہ کو صرف ایک فارمیٹ کا کھلاڑی ہونے کے باوجود اے کیٹیگری میں سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے، یہ انفرادی سطح پر انصاف کی پامالی نظر آتی ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ کا مزید کہنا تھا کہ سابق ٹیسٹ کپتان پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ میں اے کیٹگری کے حقدار ہیں‘۔اس سے قبل پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان پہلے کہہ چکے ہیں کہ وہ آل راؤنڈر کے فیصلے کا پوری طرح احترام کرتے ہیں۔وسیم خان کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ نے رواں سال سینٹرل کنٹریکٹ لینے سے انکار کیا جس پر مایوسی ہوئی تاہم میں ان کے فیصلے کا مکمل احترام کرتا ہوں ، حفیظ پی سی بی 22-2021ء کی سینٹرل کنٹریکٹ فہرست کا انتظار کرنا چاہتے ہیں جس کے وہ مکمل حقدار ہیں، حفیظ ہمارے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں بھی اپنی فارم برقرار رکھیں گے۔ یاد رہے کہ حفیظ اس وقت لاہور قلندرز کے لئے پاکستان سپر لیگ کھیل رہے ہیں اور انہوں پہلے 3 میچز میں سے 2 میں نصف سنچریاں بنا رکھی ہے۔