کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

384

کراچی (نمائندہ خصوصی )نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 6 کے نویں میچ میں کراچی کنگز نے بابراعظم کے 90 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم نے 196 رنز کا مطلوبہ ہدف 18.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔کراچی کنگز کے اوپنر بابراعظم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کے ٹاپ آرڈرنے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔انہوں نے پاور پلے کے ابتدائی 6 اوورز میں 72 رنز جوڑے اور صرف ایک وکٹ گنوائی۔ بابراعظم کے ہمراہ 25 گیندوں پر 56 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کرنے والے اوپنر شرجیل خان 190 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ4 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔نئے آنے والے بیٹسمین جوکلارک نے کریز سنبھالتے ہی بابراعظم کے ہمراہ رنز بنانے کی رفتار کو مزید تیز کردیا۔دونوں بلے بازوں نے 61 گیندوں پر 97 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ انہوں نے 26 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی بدولت 207 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 54 رنز بنائے۔ انہیں شاہنواز دھانی نے آؤٹ کیا۔بابراعظم نے 60 گیندوں پر 13 چوکوں اور 1 چھکے کی بدولت 90 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔یہ پی ایس ایل کی تاریخ میں ان کی بہترین اننگز ہے۔ انہوں نے میچ کی آخر ی تین گیندوں پر 1 چھکا اور 2 چوکے لگا کر کراچی کنگز کو فتح سے ہمکنار کردیا۔کولن انگرام 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد نبی 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ملتان سلطانز کے شاہنواز دھانی نے 2 جبکہ سہیل خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل دفاعی چیمپئین کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو گزشتہ تین میچوں میں ناکام رہنے والے کرس لین 14 گیندوں پر 32 اسکور بنا کر عماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ان کی اس اننگز میں6 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔دوسری طرف کپتان محمدرضوان کی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار ہے۔ وہ 5 چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔وکٹ کیپر بیٹسمین کے آؤٹ ہونے کے بعدملتان سلطانز کی اگلی 2وکٹیں اسکور بورڈ پر محض 25 رنز کا اضافہ ہی کرسکیں۔ تاہم مڈل آرڈر بیٹسمین جیمز ونس 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،ان کی اننگز میں ایک چھکا اورپانچ چوکے شامل تھے۔رائیلی روسو صرف 7 رنز بنا کر ڈین کرسچن کا شکار بنے۔ایسے میں مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود نے اپنے ٹی ٹونٹی کرکٹ کیرئیر کے تین ہزار رنز مکمل کیے۔ وہ 34 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔تاہم دوسرے اینڈ سے ملتان سلطانز کا کوئی بھی دوسرا بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا۔ خوشدل شاہ 6 اور شاہد آفریدی 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ملتان سلطانز نے مقررہ بیس اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے ۔ کراچی کنگز کی کے ارشد اقبال نے دو جبکہ کپتان عماد وسیم ،محمد عامر، وقاص مقصود اورڈین کرسچن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔