اللہ کوراضی کرنے والاہرقول وفعل عبادت ہے، مولانا ثنااللہ

227

کراچی(اسٹاف رپورٹر)معروف مبلغ اور جامع مسجد قباء فیڈرل بی ایریا گلبرگ کے امام و خطیب مولانا ثنااللہ نے کہا ہے اللہ کوراضی کرنے والے ہرقول اور فعل کانام عبادت ہے۔ عقیدے کی پختگی اور مسائل کے حل کے لیے زندگی کے ہر معاملے میں دین کی تعلیمات کو اختیار کرنا اور اپنی ذات کو صبغۃ اللہ(اللہ کا رنگ)سے آراستہ کرناہی ایک مسلمان کی زندگی کا محورہوناچاہیے۔وہ جماعت اسلامی ضلع شمالی کی علاقہ احسن آباد کے حلقہ سوسائٹی کے زیر اہتمام کاٹن سوسائٹی میں قرآن پاک کادرس دے رہے تھے۔انہوںنے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی مشن کو آگے بڑھانا امر بالمعروف ونہی عن المنکر یعنی نیکی کا حکم دینا بدی سے روکنا یہ فریضہ بھی عبادت ہے، دنیا کی رنگینیوں سے نکل کر اپنے نفس کو پاک کرنا بھی جہادہے۔انہوںنے کہا کہ ہمارا خاندانی نظام خطرے میں ہے اسے بچا نا ہی مجاہدہ کرنا ہے یہ کل وقتی کام ہے نیکیوں کو پھیلائیں اور اللہ سے تعلق بڑھائیں دین کی تعلیمات کو پھیلائیں اور دین پر عمل کی لیے جدوجہد کریں اسی میں انسان کی فلاح ہے۔اس موقع پر حلقہ سوسائٹی کے ناظم ذیشان بھائی معاون نشر و اشاعت جماعت اسلامی ضلع شمالی نعیم شروانی اور اہل علاقہ کی بہت بڑی تعداد موجود تھی مہمانوں کی تواضع حلیم سے کی گئی۔