لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو شکست دیدی

110

کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے 11ویں میچ میں لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو شکست دیدی۔

نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے، لاہور قلندرز نے 187 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں پورا کرلیا۔

کراچی کے بلے بازوں نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا  تاہم بابراعظم تیسرے اوور میں 5 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے، اس طرح 20 کے اسکور پر کراچی کنگز کی پہلی وکٹ گرگئی، پانچویں اوور کی پانچویں گیند پر کراچی کنگز کے بلے باز جو کلارک کو ہارس رؤف نے رن آؤٹ کردیا جب کہ اگلی ہی گیند پر احمد دانیال نے کولن انگرام کو صفر پر کلین بولڈ کردیا۔ 37 کے اسکور پر کراچی کنگز کی 3 وکٹیں گرگئیں۔

اس کے بعد شرجیل خان اور محمد نبی نے کراچی کنگز کے اسکور کو آگے بڑھایا، شرجیل نے جارحانہ اننگز کا سلسلہ جاری رکھا، اور 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 39 گیندوں پر 64 رنز بنائے، وہ 113 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، محمد نبی نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 35 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی اور حارث رؤوف کا شکار بنے۔ کراچی کنگز نے 20 اوورز کے اختتام پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔

لاہور کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ  احمد دانیال، حارث رؤوف، ڈیوڈ ویزے اور سمت پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں لاہقر قلندرز کی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ رہا، اور پہلے ہی اوور میں دو وکٹوں سے ہاتھ دھونا پڑا۔ چوتھی گیند پر سہیل اختر عماد وسیم کے ہاتھوں صفر پر رن آؤٹ ہوگئے جب کہ اگلی گیند پر محمد عامر نے جو ڈینلی کو ڈک پر بولڈ کرکے پویلین کی راہ دکھا دی۔

3 وکٹیں گرنے کے بعد فخر زمان اور بین ڈنک نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کو 119 رنز کی قیمتی شراکت فراہم کی، 152 کے اسکور پر فخر کرسٹیان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 54 گیندوں پر 83 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

ان کے بعد آنے والے ڈیوڈ ویزے نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 9 گیندوں پر 31 رنز بناڈالے اور ٹیم کو فتح دلوادی جب کہ دوسری جانب بین ڈنک نے بھی 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

 کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر، وقاص مقصود اور کرسٹیان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔