حکومت ملک کے نظام کے لیے کنفیوژن کا شکار ہے،  لیاقت بلوچ

336

بہاولپور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہناہے کہ حکومت ملک کے نظام کے لیے کنفیوژن کا شکار ہے، ریاست مدینہ کے نظام کے ساتھ ایران ، چین اور امریکہ جیسا نظام لانے کی باتیں قیام پاکستان کے مقاصد سے انحراف ہے۔

وہاڑی جامعة الاسلامیہ جدیدہ کی سالانہ ختم بخاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان کے ناجائزاقتدار کو عوام نے برداشت کیا کہ فوجی آمریتوں ، پی پی اور مسلم لیگ ن کی ناکامیوں کے بعد حالات بدلیں گے لیکن تبدیلی رسوائی اور سونامی تباہی بن گئی ہے ۔

نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اسلام کی حکمرانی اور قرآن و سنت کا نظام ہی پاکستان کا نظام ہے، انتخابی نظام کو داغدار اور مذاق بنا دیا گیا ہے ۔ فوجی آمروں اور ماضی کی سیاسی حکومتوں نے انتخابات کی چوری کی لیکن وزیر اعظم نے چیئرمین سینیٹ ، ایوان بالا انتخاب اور ضمنی انتخاب پر ڈاکہ مارا ہے ۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہاکہ قرض ،سود ، کرپشن ، بدعنوانیوں کی لعنت سے مہنگائی ، بے روزگاری ، لاقانونیت اور میرٹ کی پامالی عوام کے لیے عذاب بن گئی ہے، زراعت ، تجارت ،صنعت کے لیے پیداواری لاگت کا بوجھ ناقابل برداشت ہوگیاہے ۔