کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 7وکٹ سے شکست دے دی

349

کراچی : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 7وکٹ سے شکست دے دی،196رنز کا ہدف کراچی کنگز نے 18.3اوورز میں 3وکٹ پر حاصل کیا۔

بابر اعظم نے 60 گیندوں پر 90 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ جو کلارک نے 26 گیندوں پر 54  اور شرجیل خان نے 14 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔

ملتان سلطانزنے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورزمیں 6 وکٹ پر 195 رنزبنائے، ملتان سلطانز کے شاہنواز دھانی نے دو اور سہیل خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے، جیمز ونس 45 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ کپتان محمد رضوان نے 43 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔

اوپنر کرس لین نے صرف 14 گیندوں پر 32 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔صہیب مقصود نے 34، روسو نے 7، خوشدل شاہ نے 6 رنز کی باری کھیلی، شاہد آفریدی 3 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال نے 2 جب کہ عماد وسیم، محمد عامر، وقاص مقصود اور کرسٹین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان ہونے والے مقابلے میں ملتان سلطانز نے حریف ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔