دبئی میں کورونا پابندیوں میں رمضان تک توسیع

216

دبئی میں کورونا پابندیوں میں ماہِ رمضان تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق شیخ منصور بن محمد بن راشد المکتوم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ‏ہوا جس میں کورونا کے تناظر میں اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات میں ماہِ ‏رمضان تک توسیع کی جائے۔ اس حوالے سے متعلقہ اداروں نے سفارشات پیش کیں اور تجویز دی ‏کہ سلامتی و تحفظ کے اقدامات میں توسیع کی جائے۔

دبئی میں کورونا پابندیوں کے تحت تفریحی مراکز، اسپورٹس سینٹرز، سینما گھروں میں نصف ‏گنجائش تک حاضری ہوگی جب کہ شاپنگ سینٹرز، سوئمنگ پولز، ہوٹلوں کے ماتحت ساحلوں کو ‏استعمال کرنے والوں کی تعداد جگہ کی گنجائش سے 70 فیصد سے زیادہ کی اجازت نہیں ہوگی۔