ایف آئی اے اور سندھ پولیس کے ڈی آئی جیز کا تبادلہ کردیا گیا

286

وفاقی روٹیشن پالیسی کے تحت وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سندھ اور سندھ پولیس میں تعینات 6 ڈی آئی جیز کا صوبے سے تبادلہ کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق افسران کے تبادلے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا جس کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ منیر شیخ، سندھ پولیس میں تعینات ڈی آئی جی قمر الزماں، ڈی آئی جی ٹریفک اقبال دارا، ڈی آئی جی منیر شیخ کی خدمات پنجاب حکومت کے حوالے کی گئی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق ڈی آئی جی اسپیشل برانچ عرفان بلوچ کی خدمات اسلام آباد کے جب کہ ڈی آئی جی سکھر فدا مستوئی کی خدمات موٹر وے پولیس کے حوالے کی گئی۔

اس پر ردعمل دیتے ہوئے سندھ کے وزیر بلدیات و اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آئی جی کا تبادلہ نہ ہوسکا تو اب کئی اہم افسران کا بلاوجہ تبادلہ کیا گیا۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت سیاسی ناکامیوں کے بعد اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی۔ سندھ پولیس سے قابل پولیس افسران کے تبادلے ان کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ میں امن وامان کی صورتحال خراب ہوئی تو ذمے دار وفاقی حکومت ہوگی۔ یہ چاہتے ہیں پنجاب اور کے پی کی طرح سندھ پولیس بھی ان کی غلامی کرے۔