غلط پالیسیوں سے پاکستان دہشتگردی کا شکارہوا،طارق سلیم

140

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہاکہ عالمی ادارے چند دجالی شیطانوں کے ہاتھوں یرغمال ہیں، امریکا کی دہشت گردی کا شکار ہونے والوں کو دہشت گرد بنا دیا گیا، عالمی قوانین موم کی ناک، اسلام اور دیگر مذاہب کے لیے قانون وضابطے کی الگ الگ تشریح ہے، ویسی ہی پالیسی بعض ملکی ادارں میں افراد نے بھی اپنائی اور قومی اداروں کو آئین وقانون کے بجائے اپنی مرضی اور مفادات کے مطابق چلاتے ہیں، غلط اور تباہ کن پالیسیوں کے باعث پاکستان بدترین دہشت گردی کا شکار ہوا۔ دہشت گردی کیخلاف پاک فوج کا کردار قابل تحسین رہا جس کے باعث دہشت گردی میں کمی آئی، اس دوران ہمار ے جوانوں اور افسران نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، یہ شہدا پوری قوم کا فخر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف سیالکوٹ میں ڈاکٹر بریگیڈیر عمر ستار کی تصنیف Securing the Future کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ بجٹ کا بڑا حصہ ہمارے ملکی دفاع کے لیے مختص ہوتا ہے، اس کے باوجود نیشنل سیکورٹی ہمارے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔ ریاست کو سیاسی جماعتوں سمیت ہر طبقے سے مختلف ایشوز پر ڈائیلاگ کرتے رہنا چاہیے۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ ابھی نندن کے لیے تو انسانی حقوق اور عالمی قوانین کا حوالہ دیا جاتا ہے لیکن ڈاکٹر عافیہ صدیقی، فلسطینی اور کشمیری عوام کے لیے وہ قوانین کیوں نہیں لاگو کیے جاتے اور اس پر مجرمانہ خاموشی اختیار کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کے نام پر نبی مہربانؐ کے خاکے بنائے جاتے ہیں لیکن عالمی شیطان اپنے حکمرانوں اور ملکہ و بادشاہوں کی توہین پر سزاؤں کا نفاذ کرتے ہیں۔ مہذب کہلانے والے جنگلی جانوروں سے بدتر ہیں، ان کی قوانین عدل وانصاف کے بجائے ظلم پر مبنی ہیں، جب تک دنیا میں انصاف اور برابری نہیں ہوتی، عالمی امن کا خواب احمقانہ اقدام ہی ہوگا۔