لسبیلہ ،اینٹی نارکوٹکس کی کارروائی،25 کلو چرس برآمد ،ملزم گرفتار

172

لسبیلہ (نمائندہ جسارت) حب ایکسائز اینٹی نارکوٹیکس فورس لسبیلہ کی منشیات کیخلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں، ایکسائز اینٹی نارکوٹکس فورس لسبیلہ نے گڈانی موڑ کے قریب کوئٹہ سے کراچی جانے والی کار کے خفیہ خانوں سے 25 کلو اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ساؤتھ زون محمد زمان خان کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کوئٹہ سے کراچی منشیات اسمگل ہونی ہے، جس پر ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ساؤتھ زون محمد زمان خان نے ایک ٹیم تشکیل دی، جس میں ای ٹی او سہیل احمد بنگلزئی، انچارج اینٹی نارکو ٹکس فورس لسبیلہ، فیصل اقبال کھوسہ کی زیر نگرانی انسپکٹر قائم علی، کانسٹیبلان محمد اکرام خان، امیر بخش، عنایت جاموٹ، عطاء اللہ رند، آصف موندرہ اور شکیل احمد کے ہمراہ گڈانی موڑ کے قریب کوئٹہ سے کراچی آنے جانے والی گاڑیوں کی سخت چیکنگ کا عمل شروع کردیا۔ ایکسائز اینٹی نارکو ٹکس فورس لسبیلہ نے گڈانی موڑ کے مقام پر کوئٹہ سے کراچی جانے والی کار کو روک کر جب اس کی تلاشی لی تو گاڑی کے پیٹرول ٹینک کے ساتھ خفیہ فٹنگ بنی ہوئی تھی، جس کو چیک کرنے پر اس کے اندر سے 25 کلو کوالٹی کی چرس برآمد کرلی۔ ایکسائز اینٹی نارکوٹکس فورس انچارج فیصل اقبال کھوسہ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ملزم انتہائی شاطر اور چالاک تھا، گرفتار ملزم کے گاڑی سے مختلف نمبر پلیٹس بھی برآمد کیے گئے، جو گرفتار منشیات اسمگلر گاڑی کے نمبر پلیٹ مختلف جگہوں پر تبدیل کرتے آرہا تھا تاکہ قانون کے شکنجے سے بچ سکے تاہم مختلف چیک پوسٹوں کو کراس کرکے ایکسائز اینٹی نارکوٹکس فورس لسبیلہ کے ہتھے چڑھ گیا، ملزم منشیات کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا، جسے ایکسائز اینٹی نارکوٹکس فورس لسبیلہ نے ناکام بنادی، پکڑی گئی منشیات کی مالیت عالمی منڈی میں ایک کروڑ روپے بتائی جاتی ہے، ایکسائز اینٹی نارکوٹکس فورس انچارج فیصل اقبال کھوسہ کا کہنا تھا کہ منشیات اسمگلروں کیخلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری رہیں گی۔ منشیات اسمگلروں کے ساتھ کوئی کمپرومائز نہیں، منشیات اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایکسائز اینٹی نارکوٹکس فورس لسبیلہ نے گرفتار ملزم، منشیات اور گاڑی کو تحویل میں لے کر مقدمہ درج کرکے ملزم سے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔