انڈس موٹر کمپنی کا 4.8بلین روپے منافع کا اعلان

398

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) انڈس موٹر کمپنی کے ڈائریکٹر زنے 31دسمبر2020 کوختم ہونے والی ششماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ 31دسمبر، 2020 کو ختم ہونے والی ششماہی کے لیے انڈس موٹر کمپنی کی سی کے ڈی اور سی بی یو کی مشترکہ فروخت82 فیصد اضافہ کے ساتھ گزشتہ سال کی اسی مدت میں14,453 یونٹس کے مقابلے میں26,362 یونٹس رہی۔ کمپنی نے 26,383 گاڑیاں تیار کیں جس میں81 فیصد اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران14,555 گاڑیاں تیار کی گئی تھیں۔ اسی دوران انڈس موٹر کمپنی کا مجموعی مارکیٹ شیئر تقریباً24.7فیصدرہا۔ 31دسمبر 2020 کو ختم ہونے والی ششماہی کے لیے کمپنی کی خالص فروخت بڑھ کر 79.65ارب روپے رہی جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے لیے یہ فروخت 42.78 ارب روپے تھی، اسی مدت کے دوران بعداز ٹیکس منافع بڑھ کر4.80ارب روپے ہوا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں بعد از ٹیکس منافع2.3 ارب روپے رہا۔خالص منافع اضافہ کی بڑی وجوہات میں فروخت کا زیادہ حجم اور دیگر آمدن میں اضافہ ہے۔