پی سی بی بورڈ گورنرز کا 61واں اجلاس آج کراچی میں ہوگا

268

کراچی(نمائندہ خصوصی)پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا 61واں اجلاس آج کراچی میں ہوگا۔اجلاس کے اگلے روز، اتوار کو، چیئرمین پی سی بی احسان مانی، چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان میریٹ ہوٹل کے گورنر روم میں پریس کانفرنس کے دوران اجلاس کی کارروائی پر تبادلہ خیال کریں گے۔ پی سی بی بورڈ آف گورنرز اجلاس میںچیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کی رپورٹس،چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے پہلے بورڈز کی منظوری،پاکستان کرکٹ ٹیم اور ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 پر اپڈیٹ،آڈٹ، ایچ آر اور رسک منیجمنٹ کمیٹیز کی اپڈیٹ اورقوانین کی منظوری پر غور کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وسیم خان کی مدت ملازمت میں توسیع کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا،چیف ایگزیکٹیو کے عہدے کی معیاد آئندہ سال فروری میں ختم ہوگی۔ معاہدے کے مطابق طے پایا تھا کہ فریقین ایک سال قبل ہی آئندہ مدت کیلیے توسیع کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کریں گے، گزشتہ دنوں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا تھا کہ میری خواہش ہے کہ وسیم خان مزید 3سال بورڈ کیلیے کام کریں، اس صورتحال میں قوی امکان ہے کہ ان کے عہدے کی مدت میں کم ازکم ایک سال کی توسیع کردی جائے گی۔