عمر اکمل پر 12 ماہ کی پابندی ،42لاکھ 50ہزار جرمانہ

256

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عالمی ثالثی عدالت نے انڈیپنڈ نٹ ایڈجوڈیکٹر کے فیصلے کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈاور عمر اکمل کی جانب سے دائر کردہ اپیلوں پر فیصلہ سنادیا۔ فیصلے کے مطابق پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.4.4کی ایک مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر 12 ماہ کی پابندی اور 42 لاکھ اور 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ 20 فروری 2020 کو معطلی کا شکار ہونے والے عمر اکمل اب 42 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم جمع کرانے کے ساتھ ساتھ پی سی بی کے سیکورٹی اور اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ کے طے شدہ ری ہیب پروگرام پر عمل کرکے دوبارہ مسابقتی کرکٹ کھیلنے کے اہل ہوں گے ۔ عالمی ثالثی عدالت نے عمر اکمل کے 2 موبائل فونز واپس کرنے کی درخواست کو مسترد کردیا۔ یہ دونوں موبائل فونز تحقیقات کی غرض سے پی سی بی کے سیکورٹی اینڈ دیجلنس ڈیپارٹمنٹ کی تحویل میں ہیں۔ اس سے قبل 27 اپریل 2020 کو انڈیپنڈنٹ ڈسپلنری پینل کے چیئرمین نے پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 2.4.4کی 2 مختلف مواقع پر خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر 3 سال کی معطلی عائد کی گئی تھی۔ عمر اکمل نے فیصلے کے خلاف اپیل کا اپنا حق استعمال کیا، جس پر29 جولائی 2020 کو انڈیپنڈنٹ ایڈجوڈیکٹر نے ہمدردانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ بیٹسمین کی نااہلی کو 18 ماہ تک کردیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف پی سی بی اور عمر اکمل دونوں نے عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کی تھی، جس پر فیصلہ اب سنایا گیا ہے۔پی سی بی نے دونوں چارچز پرسزا بڑھانے اور عمر اکمل نے ختم کروانے پر اپیل کی۔