حوثیوں کا ڈرون تباہ‘ سعودی اتحاد کا 2 حملے ناکام کرنے کا دعویٰ

244

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سرگرم عرب اتحاد نے باغی ملیشیا کا ایک اور ڈرون مارگرانے کا دعویٰ کردیا۔ فوجی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران نواز باغیوں کی طرف سے سعودی عرب کی طرف بھیجا گیا ایک اورمسلح ڈرون طیارہ تباہ کر دیا گیا ہے۔ دھماکا خیز مواد سے لدے ڈرون کا ہدف سعودی شہر خمیس مشیط تھا۔12 گھنٹے کے دوران میں یہ حوثیوں کی جانب سے دوسرا حملہ تھا۔ اس سے قبل حوثیوں نے مارب کے جنوبی محاذ پر حملہ بھی کیا۔ اتحادی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ حوثی ملیشیا شہرآبادی اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے دہشت گرد کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ نے صنعامیں حوثیوں کی پولیس کے سینئر ذمے دار پر پابندیاںعائد کردیں۔ سلامتی کونسل نے سلطان صالح پر پابندیوں کا اعلان کیا، جو دارالحکومت صنعا میں حوثی پولیس کا ایک سینئر ذمے دار ہے۔ سلامتی کونسل میں اس حوالے ایک قرار داد پیش کی گئی، جس کے حق میں 14 ووٹ آئے جب کہ روس نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ قرار داد میں کہا گیا کہ سلطان صالح براہ راست یا حوثی حکام کے ایما پر حراستی مراکز کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے استعمال کرتا رہا ہے۔