عسکری اقتدار کے قائل نہیں‘ جمہوریت پر یقین ہے‘ اِردوان

176
استنبول: ترک صدر رجب طیب اِردوان ذرائع ابلاغ کے نمایندوں کے سوالوں کا جواب دے رہے ہیں

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اِردوان نے کہا ہے کہ ہم ہر قسم کی فوجی بغاوت کے خلاف ہیں اور جمہوری نظام پر یقین رکھتے ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق صدر اِردوان نے استنبول میں اخباری نمایندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آرمینیا میں فوجی بغاوت کی کوشش درست نہیں اور ترکی بھی ہر قسم کی فوجی بغاوت کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ اقتدار میں تبدیلی کا حق صرف عوام کو حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمینی وزیر اعظم نیکول پاشنیان ویسے ہی اپنے عوام کی نظروں میں گر چکے ہیں لیکن ان کی حکومت کے خلاف فوجی بغاوت کا ارتکاب بہرحال غیر جمہوری عمل ہے، آڑمینیا میں اقتدار میں تبدیلی کا حق وہاں کے عوام کو ہے، جس کا فیصلہ بھی انہی کو کرنا ہوگا۔ دریں اثنا خوجالے قتل عام کی 29 ویں برسی کے موقع پر ترک صدر نے ایک ٹوئٹر بیان میں کہا کہ ترکی آذربائیجان کے جائز مفادات کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ 29 سال قبل خوجالے میں بے دردی سے قتل ہونے والے آذری بھائی بہنوں کے لیے مغفرت کا طلبگار ہوں۔ اس المناک سانحے کو جتنا بھی وقت گزر جائے، اس کے زخم آج بھی تازہ ہیں۔