بائیڈن کا شاہ سلمان کو فون‘ انسانی حقوق کی پاسداری پر زور

245

واشنگٹن ؍ ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے سعودی فرماں روا سلمان بن عبدالعزیز سے فون پر رابطہ کیا، جس میں انہوں نے امریکا کی جانب سے انسانی حقوق اور قوانین کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق صدر بائیڈن نے شاہ سلمان کو فون ایسے وقت میں کیا ہے، جب بظاہر امریکا سعودی عرب سے اپنے تعلقات کو ایک نئی سمت میں لے جانے کا متقاضی ہے ۔ امریکا میں صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ سعودی صحافی جمال خاشق جی کے ترکی میں قتل کی تحقیقات پر مبنی خفیہ رپورٹ کو جاری کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے جس کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ قتل کا الزام سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پر عائد کیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر بائیڈن نے سعودی عرب کی جانب سے سعودی نژاد امریکی کارکنوں اور بالخصوص انسانی حقوق کی کارکن لجین الھذول کی رہائی کو سراہا ہے اور امریکا کی جانب سے عالمی انسانی حقوق اور قوانین کی پاسداری جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔