لاپتاافراد کی تعداد6ماہ بعد صفر ہوجائے گی‘ فواد چودھری کا دعویٰ

201

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں لاپتا افراد کی تعداد 6 ماہ بعد صفر ہو جائے گی‘ یہ تعداد پہلے ہی بہت کم ہو چکی ہے۔ جرمن ٹی وی ڈی ڈبلیو ٹی وی کے ہفتہ وار پروگرام کانفلِکٹ زون کے ساتھ انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ جب دہشت گردی تمام حدیں پار کر گئی تو یورپی ممالک اور امریکا نے بھی سخت اقدامات کیے تھے‘ یہی کچھ پاکستان میں بھی ہوا لیکن اب پاکستان واپس معمول کے حالات کی طرف لوٹ رہا ہے۔ پاکستانی معیشت کی موجودہ صورت حال اور مہنگائی کے خلاف عوامی مظاہروں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان حالات کا رخ موڑ چکے ہیں‘حکومت کو ملکی معیشت انتہائی بری حالت میں ملی تھی‘ حکومت کی پالیسیوں کو فوج کی مکمل حمایت حاصل ہے‘ فیصلے وزیر اعظم عمران خان کرتے ہیں اور پاکستان آرمی ان کی مکمل حمایت کرتی ہے‘ اپوزیشن کی طرف سے حکومت پر کرپشن کے الزامات عاید کیے جاتے ہیں‘ یہ دعوے محض سیاسی مخالفین کو بدنام کرنے کے لیے کیا جانے والا پروپیگنڈا ہے‘ پاکستانی ذرائع ابلاغ آزاد ہے‘ پاکستان میں کوئی میڈیا بلیک آوٹ نہیں ہے‘ ججوں کو میڈیا آزاد نہ ہونے سے متعلق سیاسی بیانات نہیں دینا چاہئیں‘ یہ بہت غیر پیشہ وارانہ بات ہے۔