توہین صحابہ کے ملزمان کی عدم گرفتاری پر سندھ بھر میں احتجاج

453

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سنی ایکشن کمیٹی سندھ کی اپیل پر حال ہی میں ہونے والی توہین صحابہ اور ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، نوابشاہ، سکھر، لاڑکانہ، ٹنڈوجام، ٹنڈوالہیار، سانگھڑ، شہدادکوٹ، دادو، جیکب آباد اور بدین سمیت سندھ بھر میں یوم احتجاج منایا گیا‘ مساجد میں قرار داد مذمت منظور کی گئی۔ نماز جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدراہلسنّت والجماعت پاکستان علامہ اورنگزیب فاروقی، علامہ عبداللہ سندھی، علامہ رب نواز حنفی، علامہ عبدالجبار حیدری، علامہ ثنا اللہ حیدری، علامہ تاج محمد حنفی، مولانا محی الدین شاہ، مولانا عبدالرافع شاہ، مولانا شکیل الرحمن، مولانا عادل عمر، حافظ منظور سولنگی، مولانا نعمت اللہ فاروقی، مولانا محمد سعید جدون، قاری عبدالرشید، حافظ احتشام الحق، مولانا منیر حقانی، مولانا غلام نبی عثمانی، مولانا سید رشید احمد شاہ، حافظ اسحق چنا، اللہ ڈنو بھٹو، محمد سکندر شاہ، مولانا طاہر فاروقی، حاجی ایوب چانڈیو، حافظ ریاض میمن، مولانا توفیق الرحمن فاروقی، مولانا زاہد عثمانی و دیگر نے کہا کہ ملک میں تحفظ ناموس صحابہؓ کی پرامن و آئینی تحریک جاری ہے‘آج پرامن یوم احتجاج منایا ہے‘ ہمارے پرامن احتجاج کی طرف توجہ نہ دی گئی تو توہین صحابہ کے خلاف سکھر سے کراچی تک لانگ مارچ ہوگا‘ حکومت سندھ توہین صحابہ کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو عام معافی دینے سے باز رہے‘ ایسی کوششوں سے نفرت اور فرقہ واریت پھیلے گی‘ سیدنا امیرمعاویہؓ نے 64 لاکھ 65 ہزار مربع میل زمین پر خلافت کا نظا م قائم کیا‘ ان کی بہن حضرت ام حبیبہؓ نبی اکرمؐ کی زوجہ اور امت کی ماں ہیں‘ ان کا دور خلافت اسلامی تاریخ کا روشن باب ہے‘ ان کے مدبرانہ فیصلوں سے بکھری ہوئی امت متحد ہوئی ‘ ان کی وفات کے بعد دوبارہ امت میں وہ اتحاد و اتفاق آج تک قائم نہیں ہوسکا ‘ انہوں نے اسلامی تاریخ میں سب سے زیادہ فتوحات حاصل کیں‘ وہ 19سال تک خلیفہ رہے‘ ان کے کارنامے آج بھی ہماری رہنمائی کے لیے کافی ہیں۔ علامہ اورنگزیب فاروقی نے کہا کہ فرقہ واریت پر لعنت بھیجتے ہیں‘ دیوبندی، بریلوی اور اہل حدیث مکتبہ فکر کا اتحاد چاہتے ہیں‘ صحابہ کرامؓ و اہل بیت ؓ کی شان دنیا بھر میں بیان کرکے ہم نے محبت کا پیغام دینا ہے‘ 22 رجب کو سیدنا امیرمعاویہؓ کا یوم وفات ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔