سی پیک سے دنیا بھر میں معاشی جمود ختم ہوگا‘گورنر بلوچستان

169

کوئٹہ(آن لائن)گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہاہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے دنیا بھر میں معاشی جمود کا خاتمہ ہوگا اور اس عظیم منصوبے کا ایک اہم لنک بلوچستان ہے اور اس ضمن میں گوادر سی پیک کے تاج پر چمکتے ہوئے نگینے کی مانند ہے،چین پاکستان کا عظیم دوست اور ہمسایہ ملک ہے جس نے پاکستان کا مشکل کی ہر گھڑی میں ساتھ دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گوادر پورٹ کے دورے کے موقع پر چائنا اورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی کے چیئرمین (Mr. Zhang Baozhong) سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ سی پیک کا شاندار منصوبہ پورے خطے کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے گیم چینجز کی حیثیت رکھتا ہے اور اسکی تکمیل سے لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہونگے اور پورے خطے میں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی اور سیاسی استحکام کے لیے پائیدار امن بنیادی شرط ہے۔گورنرنے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں سی پیک کے پیش نظر اپنی نئی نسل کو جدید فنی اور تکنیکی مہارتیں سکھانے پر توجہ مرکوز رکھنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی تعاون اور افہام و تفہیم سے مشترکہ روشن مستقبل کو یقینی بنانے کا خواب سچ ثابت ہوگا۔