پاکستان کو اب بلیک لسٹ میں نہیں ڈالا جاسکتا‘ حماد اظہر

195

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہپاکستان کو اب بلیک لسٹ میں نہیں ڈالا جاسکتا، بلیک لسٹنگ کا خطرہ ٹل چکا ہے، فیٹف کے ایکشن پلان کو پورا کریں گے،بھارت نے پاکستان کے خلاف کھیلنے کی کوشش کی اور بے نقاب ہوا ۔اسلام آ باد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج سے 2 برس قبل ہم ایف اے ٹی ایف کے2 نکات پر تھے، آج24نکات پر آگئے ہیں،پہلا ہدف تھا پاکستان کو بلیک لسٹ سے روکا جائے،الحمداللہ وہ ہدف حاصل کیا۔انہوں نے بتایاکہ فیٹف نے کہا ہے کہ بلیک لسٹنگ پاکستان کے لیے اب آپشن نہیں رہا ، اب فیٹف بھی کہہ رہا ہے کہ پاکستان 90 فیصد اہداف پورے کر چکا ہے، ٹیرر فنانسنگ کے بارے میں وکلا اور ججز کی ٹریننگ کریں گے، 3 اہداف رہ گئے ہیں، وہ بھی جلد پورے کرلیں گے،ہمارے پاس آپشن تھا کہ کورونا میں نہ رپورٹ کریں لیکن کورونا کے سخت حالات میں بھی پاکستان نے اپنے اہداف پورے کیے،پاکستان دنیا کے مشکل ترین ٹاسک پر90فیصد عمل درآمد کرچکا ہے ، سخت حالات کے باوجود پاکستان نے مثالی کام کیا، قوم کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ پاکستان سے بلیک لسٹنگ کا خطرہ ٹل چکا،ہم فیٹف کے ایکشن پلان کو پورا کریں گے، کوشش ہے جون تک27نکات پورے کر لیں۔انہوں نے کہا کہ فیٹف میں بھارت نے اپنے مذموم عزائم استعمال کرنے کی کوشش کی، بھارت نے پاکستان کے خلاف کھیلنے کی کوشش کی اور بے نقاب ہوا،دہشت گردی کی فنانسنگ میں بھارت اب خود بے نقاب ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے فنانسنگ کا تعلق ہے اور دہشت گردی سے متعلق فنانسنگ پر جزوی عمل درآمد ہو چکا ہے،گرے لسٹ کے باعث پاکستان پر کوئی پابندیاں عاید نہیں ہوئیں ،باقی3 نکات میں غیر سرکاری فلاحی تنظیموں (این جی اوز) کی ریگولیشن شامل ہے، باقی 3 نکات پر عمل اور ٹیرر فنانسگ روکنے کے لیے مزید سخت اقدام کرنا ہوں گے، پاکستان دہشت گردوں کی مالی معاونت کی تفتیش کو مضبوط کرے گا، ہمیں دہشت گردوں کی مالی معاونت کے خلاف تفتیش کے ٹھوس نتائج اور کالعدم تنظیموں کے افراد کے خلاف مالی پابندیوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہو گا ۔